اسلام آباد( صباح نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔سید خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کی اجازت ضروری ہوتی ہے، بغیر اجازت ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری غیر قانونی ہے لہذا انہیں فوری پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ ملک چار اکائیوں پر مشتمل ہے اور ہر اکائی کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، جبکہ حکومت تمام ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر دھونس اور ہٹ دھرمی سے کام لے رہی ہے۔خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ ہمیشہ اپنے آپ کو اصول پسندی اور ایمانداری کا چمپئن گردانتے ہیں، ان کی یہ اصول پسندی اب کہاں ہے جب خواتین کی سرعام تذلیل کی جارہی ہے۔