ملتان (سٹاف رپورٹر،نمائندگان) ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوںنے گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کیا، کئی شہروں میں پولیس نے کریک ڈائون کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو پکڑ لیا،وہاڑی ،لیہ، راجن پورسے سیکڑوں عہدیدار اورکارکن بنی گالہ پہنچ گئے،تفصیلات کے مطابق ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے حاجی سجاد سیال، سجاد علی سومرو، شیخ عمران کی قیادت میں کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف چوک شاہ عباس پر احتجاج کیا،مظاہرین نے حکمرانو۱ں کیخلاف نعرے بازی کی ، سجاد سیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے تشدد، گرفتاریوں اور پولیس چھاپوں میں آمروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، تمام گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے اور شریف خاندان حکومت چھوڑدے۔ بعد ازاں مظاہرین جیسے ہی بنی گالہ کے لئے روانہ ہوئے مقامی پولیس پہنچ گئی لیکن تب تک کارکن جا چکے تھے ۔ راجہ رام پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہو ئے کارکنوں عبدالحفیظ مغل ، راؤ خلیل احمد وغیرہ کو گرفتار کر کے ملتان جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ نوری لعل دربار کے قریب پولیس نے ایک کنٹینر زبردستی روک کر قریبی پمپ پر کھڑا کر دیا مزید براں راجہ رام میں پٹرول کی فروخت بند رہی۔وہاڑی پو لیس کی طرف سے تمام تر پا بند یوں اور رکا وٹو ں کے با و جود پی ٹی آئی وہاڑی کے سیکڑوں عہدیدار وکارکنان اسلام آباد بنی گالہ پہنچ گئے ، جن میں سابق ضلعی صدر طاہر انور واہلہ ،مہر شبیر سیال ،پرویز اختر بھٹی بھی شامل ہیں، انہوں نے ٹیلی فونک پر صحافیوں کو بتایا کہ پو لیس کی تمام تر پابندیوں کے با وجود قا ئدعمران خان کی کال پر اسلام آبادپہنچ گئے ہیں۔راجن پور پولیس گزشتہ روزپی ٹی آئی کارکنان کو اسلام آباد جانے سے روکنے کیلئے متحرک رہی، گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں میں بھی چھاپے مارے گئے، پی ٹی آئی کے کارکن روپوش ہو گئے ہیں اور ان کے موبائل فون بھی بند ہیں ان کے اہل خانہ بھی ان کے بارے میں کچھ بتانے سے گریزاں ہیں ۔فاضل پور میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکن محمد اکرم صدیقی کو گرفتار کرلیا،اکرم صدیقی کو پہلے ڈسٹرکٹ جیل راجن پور جبکہ گزشتہ رات ڈسٹرکٹ جیل ملتان منتقل کر دیا گیا۔ محمدپوردیوان سے نامہ نگار کے مطابق فاضل پور، محمدپوردیوان، راجن پور سے6پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔گرفتارکارکنان میں عامربشیر(راجن پور)،عبیداللہ (جام پور)،محمدامین(جام پور)، محمدحسین(جام پور)، شاہدکلیم(محمدپوردیوان) اور زاہدحسین (محمدپوردیوان ) شامل ہیں۔ گرفتارکارکنان کو نامعلوم جگہ منتقل کردیا گیا۔جبکہ آخری اطلاعات تک پی ٹی آئی کے مزید کارکنان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی طرف سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری طرف پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان جس میں ضلعی صدر عبدالرزاق راجہ بھی شامل ہیں پولیس کو چکمہ دے کر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔لیہ میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک ہاشم حسین سہو کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارے اور ان کے بڑے بھائی ملک مرید حسین سہو کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ جبکہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔پی ٹی آئی ضلع لیہ کی قیادت اسلام آباد پہنچ چکی ہے ،ملک ہاشم حسین سہو نے کہا کہ گرفتاریوں اور جیلوں سے نہیں ڈرتے ۔