• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سندھ کا صدر نامزد ہونے کے بعد نثار کھوڑو کا لاڑکانہ پہنچنے پر والہانہ استقبال

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) سندھ کے صوبائی وزیر نثار کھوڑو پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نامزد ہونے کے بعد منگل  کی سہ پہر پہلی بار لاڑکانہ پہنچے۔لاڑکانہ پہنچنے پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کارکنوں نے والہانہ استقبال کیا اور گڑھی خدا بخش اور لاڑکانہ  کے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ بھی قائم کئے گئے تھے۔نثار کھوڑو پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد  اور اپنے دوستوں کے ہمراہ رات کو گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو،ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر کے مزاروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر کارکنوں نے جئے بھٹو کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ بعد میں جناح باغ چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ان کےلئے قابل فخر ہے اور مستقبل میں پارٹی کو عوام میں مزید مقبول بنانے اور کارکنوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیااور سندھ کے عوام کی خدمت کا موقع دیا۔اس موقع پر نثار کھوڑو پر راستے بھر کارکنوں نے گل پاشی کی اور پھولوں کے ہار  پہنائے۔
تازہ ترین