حیدر آباد ( بیورو رپورٹ) حیدر آباد میں پولیس مقابلے کے دوران کراچی کے 3؍ ٹارگٹ کلرز ہلاک ہوگئے ، ملزمان کی شناخت ہمایوں عرف قینچی گجراتی ، عرفان عروف لڈّو گجراتی اور نجیب اکبر منظوری ولد اکبر منظوری کے ناموں سے ہوئی جو ٹارگٹ کلنگ ‘بینک ڈکیتی سمیت 50سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ تینوں ٹارگٹ کلرز ایم کیو ایم کے نہیں ، ان کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا جو عذیر بلوچ کے ساتھ کام کررہے تھے۔ حیدر آباد پولیس ترجمان کے مطابق حیدر آباد پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پنجاب اورسندھ میں ٹارگٹ کلنگ ‘ کراچی کے نجی بینک میں 12؍ کروڑ روپے کی ڈکیتی‘ نجی ایمبولینس پر فائرنگ کر کے ڈرائیور‘ 3ٹریفک وارڈن اور پیش امام کی ٹارگٹ کلنگ سمیت انتہائی سنگین جرائم میں ملوث خطرناک ٹارگٹ کلرز جو کسی بڑی سنگین واردات کیلئے حسین آباد بچاؤ بند کے قریب چھپے ہوئے ہیں‘ اطلاع پر اینٹی ٹیرراسٹ فورس کے ہمراہ ایس ایچ او حسین آباد میر امداد تالپر‘ ایس ایچ او حالی روڈ برکت علی کو رائی‘ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچے تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش جس پر پولیس نے ملزمان کوہتھیارپھینک کر خود کو پولیس کے حوالے کر نے کی وارننگ دی مگر ٹارگٹ کلرز نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ میں تینوں ملزمان مارے گئے۔