• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے:ڈی سی او بہاولپور

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی سی او ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا ہے کہ بہاول پورشہر کو خوبصورت، سرسبز وشاداب اور صاف بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور تاجران اپنا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، وہ   انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور سرکاری افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،ڈی سی او نے کہا کہ سرکلر روڈ کو ماڈل سڑک بنایا جائے گا۔اس میں خوبصورت سائن بورڈز، پھولدار پودے اور کیٹ آئیز لگائی جائیں گی اور لین مارکنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم چوراہوں جہاں ٹریفک کا بہاؤ زیادہ ہے پر ٹریفک سگنلز لگائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بہاول پور شہر میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اس وقت 86فیصد کوڑا کرکٹ اٹھانے کی استعداد رکھتی ہے اور آئندہ تین ماہ میں اس استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور ایک سو فیصد تک کوڑا تلف کیا جائے گا،ڈی سی او نے کہا کہ شہر میں فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ اندرون فرید گیٹ شاہی بازار کو خوبصورت اور کشادہ بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دکانوں کے آگے موجود تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر ختم کیا جائے، ڈی سی او نے کہا کہ شہر کو دلکش، صاف اور سرسبز بنانے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ، اجلاس سے حافظ محمد یونس، سید اسرار شاہ، میر جمال، جاوید کریم اور دیگر تاجران نے بھی اظہار خیال کیا اور شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
تازہ ترین