• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر میں سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرینگے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گوادر میں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایف پی سی سی آئی میں ”پاک چین اقتصادی راہداری میں گوادر کا کردار“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ 46 ارب ڈالر کے سی پیک منصوبے سے مشرق اور مغرب مل جائیں گے، بلوچستان سے کاشغر تک نئی شاہراہیں اور ریلوے لائنیں تعمیر ہوں گی، اس منصوبے سے 7 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور پاکستان کی جی ڈی پی میں ڈھائی فیصد اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نےبیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں سمیت تمام ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ گوادر میں سرمایہ کاری کریں۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہیں انڈسٹریل زون بنانے کے لئے زمین بلوچستان حکومت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم، سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب، نائب صدر فیصل جمال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین