لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائینگے،انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پانامہ پیپرز کیس میں اپنے وکیل محمد اسدمنظور بٹ ایڈووکیٹ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی جائے جس میں اضافی ٹی او آرز جمع کرائے جائیں گے، جس کے تحت سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے گی کہ احتساب بلاتفریق تمام فریقوں کے ان افراد کا کیا جائے جنہوں نے قرضے معاف کرائے ہیں یا پانامہ لیکس میں اُن کا نام آیا ہے، یا وہ اندرون و بیرون ملک کرپشن اور کرپٹ اور اثاثہ جات کو چھپانے میں ملوث ہیں، ان کو بھی ٹی او آرز میں شامل کیا جائے۔ دوران ملاقات عدالت عظمیٰ سے اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ وہ ایسا فیصلہ کرے گی جو اس ملک میں کرپشن کے خاتمہ کے حوالے سے ایک مثال بنے اور اس کی بنیاد پر کرپشن کو ملک میں کبھی پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔ نیز سپریم کورٹ سے یہ بھی استدعا کی جائے گی کہ ایک ایسا بااختیار، خودمختار اور طاقت ور کمیشن تشکیل دیا جائے، جس کو ملک میں کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے بلاامتیاز کارروائی کے وسیع اختیارات حاصل ہوں۔۔ سینیٹر سراج الحق نے اپنے وکیل محمد اسد منظور بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کی جانب داری سے کام نہیں لیں گے۔ جنہوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور قوم کے ہر بچے کو ایک لاکھ سے زائد کا مقروض کیا ہے، ان کے خلاف ملک میں موجود تمام فورمز پر آواز اٹھائیں گے۔ بیرونی ممالک میں ناجائز اور غیر قانونی طریقے سے رکھی گئی تمام رقوم کی چھان بین کی جائے گی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی فرد یا جماعت سے ہو۔پانامہ کیس میں جماعتِ اسلامی کی طرف سے اس معاملے میں سپریم کورٹ کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔