بہاولپور(سٹی رپورٹر) بہاولپور میں صفائی کے معیار میں مزید بہتری اور شہر کوزیرو ویسٹ سٹی بنانے کے لیے بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی مشترکہ طور پر کمیونٹی موبلائزیشن اور عوامی شعور و آگاہی کے لیے جلد ہی یونین کونسلز کی سطح پر آگاہی پروگرامز شروع کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر نے سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی کے سوشل موبلائزرز کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرزو کمیونٹی ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ مس سعدیہ یاسمین، کمپنی سیکرٹری اعظم خان کانجو، منیجر آپریشنز محمد امتیاز اللہ، اسسٹنٹ منیجرز آپریشن محمد عامر اسماعیل، حبیب اللہ ظفر اورتنویر احمد منہاس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم ڈی محمد نعیم اختر نے کمپنی کی جانب سے عوامی آگاہی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر کے لوگوں کو صاف ستھرے اور دیدہ زیب شہری ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے مگر صفائی کے معیار میں بہتری اور زیرو ویسٹ سٹی جیسے مقاصد کے حصول کے لیے عوامی تعاون لازم و ملزوم ہے۔ ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز بی ڈبلیو ایم سی و کمیونٹی ایکسپرٹ مس سعدیہ یاسمین نے کہا کہ کوئی بھی مقصد جس کا تعلق براہ راست عوام سے ہو اس کی کامیابی کمیونٹی کے تعاون کے بغیرناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں صفائی کے متعلق شعور و بیداری کا رخیر ہے اورہم مل کر ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور کمپنی کے ساتھ تعاون کے حوالے سے لوگوں کو گھر گھر تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اس کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بعد ازاں سوشل موبلائزرز کی ٹیم نے اسسٹنٹ منیجرز آپریشنز محمد عامر اسماعیل، اور حبیب اللہ ظفر کے ہمراہ یونین کونسل نمبر 17 کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں بی ڈبلیو ایم سی کی ورکنگ اور یونین کونسل کی حدود کے علاوہ رہائشوں کے تعاون کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔