بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے بہاول پور کا کردار نمایاں ہے۔ پاکستان کے قیام اور شناخت دینے والے خطہ بہاولپور کی عوام گزشتہ چار دہائیوں سے استحصال کا شکار ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح مسلم لیگ ن نے بھی گزشتہ انتخابات میں صوبہ بہاولپور کی بحالی کی آڑ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعدبحالی صوبہ بہاولپور کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔بہاول پور کی تاریخی حیثیت بحال کر کے ملکی سطح پر ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ محاذ بہاول پور کے مرکزی راہنماؤں مسز آسیہ کامل، طارق مجید چوہدری اور حاجی محمد جاوید نے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ تاریخی اہمیت کے حامل خطہ بہاول پور کی کھوئی ہوئی شناخت بحال کر کے عوام میں اپنے حقوق کے حوالہ سے پائی جانے والی عدم تحفظ کی لہر کو دبایا جاسکتا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے بہاول پور صوبہ کا انتظامی ڈھانچہ مکمل کر لیا جائے اور فوری طور پر بحالی صوبہ بہاولپور کا اعلان کیا جائے۔