• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک پر خیبر پختونخوا کے تحفظات دورکئے جائیں ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سی پیک پر خیبر پختونخوا کے تحفظات کو دور کیا جائے اور عظیم منصوبے کو متنازع بنانے کے بجائے اس کی تمام تر تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے ۔ وزیراعظم کی سربراہی میں سی پیک کے حوالے سے وزرائے اعلیٰ کی جو کمیٹی بنی تھی ، حکومتی رویہ کی وجہ سے وہ کمیٹی ناکام ہورہی ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو اعتماد میں لے کر سی پیک منصوبے کو آگے بڑھائے ۔ ے تیمر گرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی نے چترال ، شندور اور مالا کنڈ روڈ کو متبادل روٹ کے طور پر تجویز کیا تھا ، حکومت اس کو قبول کرے تاکہ سی پیک کا منصوبہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھ سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم پانامہ لیکس کے مسئلے کا حل عدالت کے ذریعے چاہتی ہے اور اس وقت پوری قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہوئی ہیں دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے شام کے شہر حلب پر جاری روسی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری جنگ بندی کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام میں ہونے والے اس خوفناک قتل عام پر عالمی برادری اور پڑوسی مسلمان ملکوں نے نہ صرف خاموشی اختیار کررکھی ہے بلکہ کئی ممالک اس ہولناک تباہی کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شام اور عراق میں ہونے والی حالیہ خوں ریزی نے ہلاکو اور چنگیز کے جرائم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے شام کو پراکسی وار کا میدان بنانے والی عالمی قوتیں یاد رکھیں کہ ظلم اور ظالم کا انجام ہمیشہ عبرت ناک ہوتا ہے۔ سوویت یونین کا انجام سب کو یاد رکھنا چاہیے۔
تازہ ترین