حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) انٹرکلبز ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل مہران کلب نے جیت لیا۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام بورڈ اسٹیڈیم لطیف آبا د میں منعقدہ حیدرآباد ریجنل انٹر کلب چیمپئن شپ کا فیصلہ کن میچ مہران ہاکی کلب حیدرآباد اور رحمانی ہاکی کلب دادو کے مابین کھیلا گیا جو مہران ہاکی کلب نے یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں 8گول سے جیت لیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد کے میئر سید طیب حسین نے کہا ہے کہ کھیل کے میدان آباد ہونگے تو اسپتال خالی ہونگے۔ کھیل نوجوانوں کو صحت مند و توانا رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے اور قابل تعریف ہیں وہ لوگ جو نوجوانوں کی نشوونما کے لئے کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن نے حیدرآباد ریجنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کر کے ہاکی کے کھلاڑیوں میں مقابلے کے رجحان کو فروغ دیا ہے جس سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ بعد میں انہوں نے ٹیموں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر چیئرمین حیدرآباد ریجن ظفر سعید راجپوت‘ محمد اسلم خان نیازی‘ افتخا ر الدین‘ اسد اللہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔