• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک وزیر اعظم کی خیرات کے صدقے اقتدار کے مزے اڑا رہے ہیں، پیر صابر شاہ

پشاور(نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو خیبر پختونخوا کے لوگوں کو سیاسی مفادات کے لئے قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے خیبر پختونخوا کے مینڈیٹ کااحترام کرتے ہوئے صوبے کے لوگوں کے دکھوں میں اضافہ کرنے کی بجائے ان کے دکھوں کا مداوا کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا وعدہ پورا کر کے دکھانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی خیرات کے صدقہ میں اقتدار کے مزے اڑا رہے ہیں لہٰذا انہیں احسان فراموش بننے کی بجائے وزیراعظم کے احسان کو ماننا چاہئے۔2013ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل تھی جبکہ مسلم لیگ دوسری سیاسی جماعتوں کے تعاون سے آسانی سے صوبے میں حکومت بنا سکتی تھی لیکن وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے فراخدلی کا مظاہرہ کر کے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کا موقع دیا گیا جبکہ بعد میں صوبائی حکومت کی اشتعال انگیزی کے باجود صوبائی حکومت کو گرنے سے بچایاگیا۔ انہوں ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اسلام آباد کو بند کرنے کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی پنجاب و سندھ کے رہنما اپنے اپنے علاقوں سے اسلام آباد جلوس لانے کی بجائے بنی گالہ میں مزے اڑا رہے تھے جبکہ پرویزخٹک کی طرف سے خیبر پختونخوا کے لوگوں کو عمران خان کے سیاسی مفادات کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی تاہم ان کی اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش ناکام بنا دی گئی خیبر پختونخوا کے لوگوں کو قربانی کا بکرابنانے کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں عمران اور پرویز خٹک کے خلاف نفرت پھیل چکی ہے عمران خان وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پہلے ہی بال سے کلین بولڈ ہو گئے۔ عمران خان کو منفی سیاست کی وجہ سے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ 2نومبر کی پسپائی کے بعد پی ٹی آئی کے سنجیدہ حلقوں کی طرف سے بھی عمران خان پر دبائو بڑھتا جا رہاہے۔
تازہ ترین