لاہور(نمائندہ خصو صی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ترک قیادت نے کرپشن پر قابو پا کر ترقی کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ پاکستان اور ترکی مل کر اسلامی دنیا کی قیادت کرسکتے ہیں۔ترکی میں حالیہ بغاوت کی ناکامی پر پاکستانی قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ترکی خلافت عثمانیہ کا مظہر اور خلافت کا آخری مرکز ہونے کے ناطے مسلمانوں میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔دنیا بھر کے مظلوم انسان طیب ایردوان کو اپنی آخری امید قرار دیتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک صدر طیب ایردوان کے مشیر اعلیٰ ایچ اِلنورچیویک سے منصورہ میں ملاقات کے دوران کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور ترکی دو نوں برادر اسلامی ممالک اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ عالم اسلام کو موجودہ انتشار اور انارکی سے نکالنے اور اتحاد امت کے لیے دونوں ممالک موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ طیب ایردوان کی قیادت میں ترکی نے ترقی کا جو شاندار سفر طے کیاہے ، وہ ان کی سیاسی بصیرت اور بہترین معاشی منصوبہ بندی کا مظہرہے، پورے عالم اسلام کو اس کامیاب تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ طیب ایردوان ترک عوام کے اندر غیر متنازعہ شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں اور عالم اسلام میں بھی ان کی شخصیت ایک مدبر مسلم رہنما کے طور پر مسلمہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں اور ان کی موجودہ قیادت کے ساتھ عقیدت و محبت کا تعلق رکھتے ہیں۔ترک عوام نے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے جو قربانی دی ہے ، دنیا بھر کے آزادی پسندوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ اس موقع پر ترک صدر کے مشیر ایچ اِلنورچیویک نے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ترکی کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی اور جماعت اسلامی کی منزل ایک ہے ۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو ترک صدر طیب ایردوان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔