راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)ضلع راولپنڈی میں کروڑوں روپے لگا کر قائم ہونے والے فیملی ہیلتھ کلینکس کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کوٹلی ستیاں میں زیر تعمیر کلینک کو محکمہ صحت لینے کی کوشش کررہا ہے۔جبکہ مری میں کلینک لیڈی ڈاکٹر کی مسلسل غیر حاضری کے باعث غیر فعال ہوچکا ہے۔ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ نے معاملے کا علم ہونے کے باوجود چپ سادھ رکھی ہے۔ذرائع کے مطابق مری فیملی ہیلتھ کلینک میں تعینات لیڈی ڈاکٹر بینش اکتوبر میں صرف پانچ دن کلینک گئیں جبکہ نومبر میں تاحال انہوں نے کلینک کا دورہ نہیں کیا۔جدید سہولتوں سے آراستہ کلینک میں لیڈی ڈاکٹر کی غیر حاضری سے کے باعث آپریشن نہیں ہوپارہے ۔جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔اوپر سےستم ظریفی کی انتہا ضلعی حکومت اور کمشنر آفس نے بھی کوئی پیشرفت نہیں کی۔جس پر لیڈی ڈاکٹر کے شوہر جو خود بھی ڈاکٹر ہیں نے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر کو نشاندہی پر مبینہ طور پردھمکایا ۔بعدازاں پولیس میں معاملہ جانے پر ڈاکٹر نوید نے تحریری معذرت کی لیکن ان کی اہلیہ پھر بھی فیملی کلینک مری میں باقاعدگی سے حاضر نہیں ہوئیں ۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر شیریں سخن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لیڈی ڈاکٹر کی غیر حاضری کی تصدیق کی ۔ کوٹلی ستیاں والا کلینک زیر تعمیر ہے۔جس پر پہلے5اعشاریہ806ملین روپے جاری ہوئے۔پھر6اعشاریہ092ملین روپے جاری ہوئے۔لیکن اب محکمہ صحت ضلع راولپنڈی کے باعث اس کی تعمیر رک چکی ہےکیونکہ اس جگہ پر زچہ بچہ ہسپتال کیلئے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کود پڑا ہےاور معاملہ تنازعہ کا شکارہو گیا ہے۔