لاہور( جنرل رپورٹر ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے حکم پر راولپنڈی اور ملتان میں میڈیکل یونیورسٹیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے - ان یونیورسٹیوں کے قیام سے میڈیکل کی تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا -پبلک ہیلتھ ، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں ترقی ہو گی - اس بات کا اعلان مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت شمالی اور جنوبی پنجاب کے ریجن میں ایک ایک میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا - اجلاس میں پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج نے اس حوالے سے بریفنگ دی - سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا کہ دونوں شہروں میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے وسائل ، اراضی اور ہسپتال موجود ہیں -علاوہ ازیں جتنے وسائل اضافی درکار ہوں گے حکومت فراہم کرے گی - انہوں نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی فوری طو رپر تشکیل دینے کی ہدایت کی جو مذکورہ یونیورسٹیوں کے قیام کے سلسلہ میں ایک ہفتہ کے اندر اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی -