کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین باکسرز کی صلاحیتوں کو ابھارتے کیلئے انہیں باکسنگ میں بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے کے الیکٹرک کے زیراہتمام 19 نومبر کو نیشنل کوچنگ سینٹر باکسنگ مقابلے ہوں گے۔ اس میں 20لڑکیاں تین رائونڈز کے 10 بائوٹس میں حصہ لیں گی۔ کے الیکٹرک کے ہیڈ آف اسپورٹس محمود ریاض نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا ادارہ ہر کھیل میں نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور اسی سلسلے میں ویمنز باکسنگ جیسے کھیل کو لوگوں میں مقبول بنانے کیلیے پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔ کئی سالوں سے لیاری اور نارتھ کراچی سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں باکسنگ سیکھنے میں مصروف تھیں، تاہم کھیلوں کی علاقائی باڈیز نے پچھلے سال ہی کراچی میں ویمنزباکسنگ کا آغاز کیاہے۔ ویمنز باکسنگ کے بانیوں میں شمار ہونے والے یونس قمبرانی دوسری لڑکیوں کے ساتھ اپنی بیٹی کو بھی ٹریننگ دیتے ہیں، وہ محسوس کرتے ہیں کہ یہ ہی صحیح وقت ہے کہ اسپانسرز شہر کی خاتون باکسرز کی مدد کیلیے آگے آئیں۔ قمبرانی کا کہنا ہے کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی لڑکیوں کو یہ کھیل کھیلنے دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں ۔