کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے جہاز رانی وبندر گاہ میر حاصل خا ن بزنجو نے کہا ہے کہ ہمیں سی پیک منصوبہ پر کوئی تحفظات نہیں ہیں البتہ گوادر پورٹ کی تعمیر پر تحفظات ہیں ،حکومت اوراپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر عدالت کافیصلہ جو بھی ہو اسے قبول کریں گے اور فریقین کو عدالت کے فیصلے کا انتظارکرنا چاہیے ۔گڈانی شپ بریکنگ پر پیش آنے والے حادثہ کی تحقیقات کرانا بلوچستان حکومت کی ذمہ داری ہے،لندن اور جینیوا میں بیٹھ کر بلوچوں کے حقوق کی بات کرنے والے ہی پاکستان میں بلوچوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام فداحسین دشتی کی کتاب’’لنگاسی سے واشنگٹن تک ‘‘ کی تقریب رونمائی اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ ،نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر طاہر بزنجو، ایوب قریشی ،تربت میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نعمت اللہ گچکی اور کتاب کے مصنف فدا حسین دشتی نے بھی خطاب کیا۔میر حاصل خان بزنجوں نے کہا کہ آج(اتوار کو) گوادر میں تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شریک ہوں گے اس سے اچھا ماحول بنے گااور لوگوں کو یقین آئے گا کہ سی پیک منصوبہ پر کام شروع ہوگیا ہے۔