کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ سی پیک کا تمام کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے اگر پرویز مشرف کو ایم کیوا یم کی سربراہی ملی تو پاکستان کیلئے نیک شگون ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ اپنی جیت کی طرح کارکردگی دکھا کر بھی دنیا کو سرپرائز دے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نریندر مودی نہیں ہے،اعتزاز احسن کی بات منطقی ، اخلاقی، قانونی اور آئینی ہے کہ شریف خاندان کے بیانات موجود ہیں عدالت اس پر فیصلہ کرے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ سی پیک پائلٹ پراجیکٹ لانچ پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ سی پیک کا تمام کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے، سی پیک آصف زرداری کا لگایا پودا ہے لیکن مسلم لیگ ن نے کبھی جھوٹے منہ بھی انہیں خراج تحسین پیش نہیں کیا، آصف زرداری کے ظرف کو بھی سلام ہے کہ وہ آج تک نہیں بولے، سی پیک کیلئے آصف زرداری نے چین کے نو دورے کیے تھے، اس وقت لوگ مذاق اڑاتے تھے کہ آصف زرداری چین کیا کرنے جاتا ہے ،آج سب کے سامنے ہے کہ آصف زرداری یہ کرنے جاتا تھا، آصف زرداری کے وقت سی پیک کو لو پروفائل میں رکھنے کی انڈراسٹینڈرنگ تھی، ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ بھی مسلم لیگ ن لیتی ہے حالانکہ ایٹمی پروگرام ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا اور نواز شریف سے ایٹمی دھماکے کروانے والوں نے کروائے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر مجھے کوئی حیرت نہیں ہوئی، ڈونلڈ ٹرمپ اپنی جیت کی طرح کارکردگی دکھا کر بھی دنیا کو سرپرائز دے گا، بڑا لیڈر زمینی حقائق کو الٹ پلٹ کر رکھ دیتا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ انہی لوگوں میں سے ہے، مستقبل میں پوری دنیا سے سیاستدان فارغ ہوجائیں گے،دنیا کوآئندہ سائنس و ٹیکنالوجی چلائے گی، ڈونلڈ ٹرمپ نریندر مودی نہیں ہے۔پاناما لیکس کیس پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اعتزاز احسن کی بات بڑی منطقی ، اخلاقی، قانونی اور آئینی ہے پاناما لیکس کا معاملہ پانچ روز میں حل ہوسکتا ہے اور شریف خاندان کے بیانات موجود ہیں عدالت اس پر فیصلہ کرے، عمران خان نے اسے مزید آسان الفاظ میں ’اوپن اینڈ شٹ کیس‘ قرار دیا تھا۔ایم کیوا یم، پرویز مشرف رابطوں پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اگر پرویز مشرف کو ایم کیوا یم کی سربراہی ملی تو پاکستان کیلئے نیک شگون ہوگا، پرویز مشرف ایم کیوا یم کا حصہ بن گئے تو پورے ملک میں پارٹی کو پذیرائی ملے گی، مسلم لیگ ن کے پاس چند پرانے بھونپوؤں کے علاوہ کچھ نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے لیڈروں کی اکثریت پرویز مشرف کے پاس سے آئے ہیں۔لوڈشیڈنگ سے متعلق نیپراکے بیان پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ نیپرا صحیح کہہ رہی ہے لوڈشیڈنگ 2018ء میں بھی ختم نہیں ہوسکتی ہے، مسلم لیگ ن جھوٹوں کی جماعت ہے یہ تو پہلے بھی چھ مہینے میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرچکے ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ چوہدری نثار کے نادرا میں آن لائن کمپلین سسٹم کے افتتاح اور سابق ڈی جی نادرا طارق ملک کے اس کمپلین سسٹم کے 2012ء سے کام کرنے کے دعوے میں بہت بڑا تضاد ہے، ن لیگیوں میں چوہدری نثار مجھے بہت باوقار آدمی لگتے ہیں، ان کو اس طرح کی بات کرنا زیب نہیں دیتا ہے، انہیں اس پر معذرت کرنی چاہئے، یہ بھی ہوسکتا ہے چوہدری نثار کو اس بات کا علم ہی نہ ہو۔