راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرانتظام امتحان میٹرک (نہم پارٹ ون اور دہم پارٹ ٹو کمپوزٹ) یکم مارچ 2017ء سے شروع ہو گا۔ ترجمان ارسلان چیمہ کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ آن لائن داخلہ فارم وصول کرنے کی آخری تاریخ 14دسمبر 2016ء‘ دوگنا فیس کے ساتھ 23دسمبر‘ تین گنا فیس کے ساتھ 31دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ پہلی مرتبہ امتحان میں شرکت کرنے والے پرائیویٹ امیدواران داخلہ فیس کے علاوہ 800روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کرائیں گے۔ پرائیویٹ سائنس گروپ نہم/دہم اور پریکٹیکل مضامین کے امیدواروں کے داخلہ فارم عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق ڈیل ہونگے۔