ڈیرہ غازیخان ( نمائندہ جنگ) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی خان کے صدر خواجہ محمد الیاس، سینئرنائب صدر محمد حنیف خان پتافی، نائب صدر طارق اسماعیل قریشی اور ایگزیکٹو کمیٹی نے پاک،چین اقتصادی شاہراہ پروجیکٹ کے تحت عوامی جمہوریہ چین کے برآمدی مال پر مشتمل پہلے تجارتی قافلے کی گوادر بندرگاہ سے بذریعہ بحری جہاز روانگی اور اس موقع پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان و چین دونوں ممالک کیلئے واقعی ایک تاریخ ساز دن ہے جس سے پاک چین دوستی کی نئی راہیں استوار ہوں گی، چین کو گرم پانی کے سمندر تک براہِ راست رسائی ملے گی اور اسطرح چین اور پاکستان کا تجارتی مال اور اشیا دیگر ممالک کو بھجوانے میں آسانی رہے گی، جس سے آگے چل کر خطے کے دیگر ممالک بھی مستفید ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے فنکشنل ہونے سے جہاں پاکستان کے ریونیو میں بے حد اضافہ ہو گا وہاں خصوصاً بلوچستان کی معیشت ترقی کرے گی اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار کے بہترین مواقع حاصل ہوں گے ۔