وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن واستحکام کے لیے خطرہ ہے، جارحانہ ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، پاکستان اپنے شہید فوجیوں کا بدلہ لینے کا حق رکھتا ہے۔
لندن میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری خطے میں بھارتی ہٹ دھرمی پر توجہ دے،دوست ممالک کو بھارتی عزائم ناکام بنانے کے لیے مزید کوششیں کرنی چاہئیں ، جنوبی ایشیا کو بھارتی عدسے سے نہیں دیکھنا چاہیے،دہشت گردی بین الاقوامی امن وسکون کے لیے خطرہ ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، بین الاقوامی امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنا چاہیے۔
برطانوی وزیراعظم نے وزیراعظم نوازشریف اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2017ءکے شروع میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے، چوہدری نثار اور برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ کی ملاقات کے دوران اچانک پہنچ گئی تھیں۔
برطانوی وزیراعظم اس سے پہلے وزیرداخلہ رہی ہیں اور وزیرداخلہ چودھری نثار اور تھریسا مے کے درمیان کئی اہم امور پر ہم آہنگی رہی ہے۔