ملتان(سٹاف رپورٹر) ٹیچنگ ہسپتالوں کے لئے نئی ٹیچنگ پوسٹ گریجویٹ ٹرینی کی بمعہ مشاہرہ سیٹوں میں ضلع ملتان کے لئے مختص آسامیوں کو ڈاکٹروں نے ناکافی قراردیا ہے اور اسے بہت کم قراردیتے ہوئے ان میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے ،ڈاکٹرز تنظمیوں کا کہنا ہے کہ نشتر ہسپتال جیسے بڑے ہسپتال کے لئے صرف 9 سیٹیں دی گئی ہیں ،جبکہ جناح ہسپتال لاہور کو 212 سیٹیں دی گئی ہیں، اسی طرح ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کو 60 ،الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کو 71 ، سرگنگارام ہسپتال کو 55 اور اپر پنجاب کے دیگر ہسپتالوں کو اسی طرح سیٹیں دی گئیں ،جبکہ ملتان کے ہسپتالوں کو نظرانداز کیا گیا ،ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا کہ نئی سیٹوں کی تقسیم کا ازسرنو فارمولا وضع کیا جائے اور میرٹ اور انصاف کے ساتھ آسامیوں کو مختص کیا جائے ۔