لاہور(نمائندہ جنگ )امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ احتساب سے بچنے کے لیے جعلی دستاویزات کا سہارا لینے والے خوار ہونگے۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیرے احتساب کے شکنجے میں ضرور آئیں گے ۔ بیس کروڑ عوام کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہوئی ہیں ۔ تحریک انصاف ترکی کے صدر طیب اردگان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پارلیمنٹ میں موجود ہوتی تو بہتر تھا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے نو منتخب امرائے اضلاع کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل بلا ل قدرت بٹ بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام چاہتے ہیں کہ قومی امانتوں میں خیانت کرنے اور خزانے کو لوٹنے والوں کے چہروں سے نقاب اترنے چاہئیں اور لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ مشرف اور زرداری حکومت کا بھی مکمل آڈٹ ہوناچاہیے ۔