کراچی(اسٹاف رپورٹر) اے او کراچی چیمپئنز ٹرافی ہاکی لیگ میں جمعرات کو اے ایم شاہ اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم میں جان محمد الیون اور الصغیر الیون کے درمیان کھیلا گیا میچ تین، تین گول سے برابر رہا، الصغیر کی جانب سے تینوں گول عباس نے بنائے، جان محمد الیون کی طرف سے رضوان نے دو اور نعمان نے ایک گول بنایا، اس میچ کے مہمان خصوصی قومی ہاکی سلیکٹر وسیم فیروز تھے، محمد ارشد اور محمد اصغر امپائرزتھے، ہفتے کو سہ پہر ساڑھے تین بجے جان محمد الیون اور بیچم الیون کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ جمعرات کو میچ میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا الصغیر نے 15ویں منٹ میں عباس کے پنالٹی کار نر کے گول پر برتری حاصل کی، دوسرے کوارٹر میں جان محمد الیون نے پانچ منٹ میں دو گول داغ کر کے سبقت لے لی، 23ویں منٹ میں رضوان نے پنالٹی کارنر پر اور27 ویں منٹ میں نعمان نے فیلڈ گول سے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی، تیسرے کوارٹر میں عباس نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا، انہوں نے تین منٹ بعد ہی اپنے تیسرے حملے کو گول میں بد ل دیا اور ٹیم کو برتری دلادی، تاہم جان محمد الیون کے رضوان نے اپنی ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول بناکر ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا، اس میچ سے اسٹیڈیم میں موجود تماشائی خاصے محظوظ ہوئے۔