• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ورلڈ کپ، پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے بھارت میں کھیلے جانے والے جونیئر ورلڈکپ میں شر کت کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ ہٹ گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا تھا باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے قومی ٹیم کو این او سی جاری کرنے کے بارے میں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جس کا باضابطہ اعلان ایک دوروز میں کیا جائے گا۔ میگا ایونٹ 8 سے 18 دسمبر تککھیلا جائے گا ۔ جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستانی ٹیم 9 دسمبر کو ہالینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی ۔ 11 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، آسٹریا اور کوریا، گروپ بی میں پاکستان، ہالینڈ، بیلجیئم اور مصر، گروپ سی میں دفاعی چیمپئن جرمنی، جاپان، نیوزی لینڈ اور سپین جبکہ گروپ ڈی میں کینیڈا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا شامل ہیں، پاکستانی ٹیم 9 دسمبر کو ابتدائی میچ میں ہالینڈ کے مدمقابل ہو گی، گرین شرٹس دوسرا میچ 11 دسمبر کو مصر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 12 دسمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی،12 دسمبر تک گروپ میچز کھیلے جائیں گے، 13 دسمبر کو آرام کا دن ہو گا جس کے بعد 14 دسمبر سے کلاسیفکیشن میچز شروع ہوں گے، میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز 16 دسمبر جبکہ فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین