لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کرپٹ ٹولہ پانامہ کیس میں ضرور پھنسے گا۔صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے جسے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے مسلسل نظر انداز کیا ۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب کے عوام کے اندر شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے ۔حکومت نے ترک صدر طیب اردوان کو ریاست کی بجائے خاندانی مہمان بنا کر قومی یکجہتی اور وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔قومی قیادت ترک صدر سے گفتگو کرنا چاہتی تھی جس کا موقع نہیں دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹرسید وسیم اختر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں، ہم کسی فرد یا پارٹی کا نہیں بلکہ تمام قومی دولت لوٹنے والوں اور قرضے معاف کرانے والوں کا احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مقدمہ کے فیصلے سے پہلے ہی تاثر دے رہے ہیں کہ انہوں نے میدان مار لیا ہے ،جب کیس کا فیصلہ آئے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بعد دوسروں کی باری آئے گی ، ہمارا پہلے دن سے یہ مطالبہ ہے کہ احتساب وزیر اعظم سے شروع کیا جائے اور پھر زرداری اور مشرف حکومتوں کا بھی مکمل احتساب کیا جائے،جن پر کرپشن ثابت ہوجائے ان کے تمام اثاثے ،قومی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بحق سرکار ضبط کئے جائیں اور انہیں کسی بھی سطح کے عوامی عہدوں کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ سے یہ بھی عرض کیا ہے کہ نظریہ ضرورت کو دفنا دیا جائے ۔