کر اچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس عارضی مرکزپیرالہٰی بخش کالونی میں منعقدہواجس میں سیاسی اورتنظیمی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے کسی بھی سیاسی جماعت یا شخصیت بشمول جنرل (ر) پرویزمشرف اوران کی جماعت سے اتحادیاانضمام کی تمام تر خبروں اور تجزیوں کوبے بنیادقرار دیتے ہوئے اعلان کیاکہ ہمارے دروازے پاکستان کے ہرقانون پسند شہری کے لئے کھلے ہیں اور وہ بطور رکن ایم کیوایم میں شمولیت کی درخواست دے سکتاہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاکہ ایک ہفتے میں کراچی بھرمیں ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندے صفائی ،چھوٹی سڑکوںاورباغات کی مرمت واسترکاری اوردیگرشہری سہولتوں کے حوالے سے 100روزہ مہم کاآغاز بھی کریں گے۔ رابطہ کمیٹی نے لاپتہ افرادکمیشن میں ایم کیوایم کے کارکنان کے حوالے سے کی گئی گفتگوکوانتہائی غیرذمہ دارانہ اورغیرانسانی قراردیتے ہوئے فیصلہ کیاکہ اس ضمن میں سینئر وکلاء کی ٹیم فی الفورقانونی نکات کاجائزہ لے کراعلیٰ عدالتوں تک جائے گی۔