کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ صحت سندھ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالبعلم محمد احمد حسین کے علاج کےلیے اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے ۔ بورڈ کل پیر 21نومبر کوصبح ساڑھے گیارہ بجے جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں محمد احمد حسین کا معائنہ کرے گا۔ اسپیشل میڈیکل بورڈ کے چیئر مین سول اسپتال کراچی کے نیوروسرجن پروفیسر جنید اشرف جبکہ کنوینئر قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر سید جمال رضا ہیں ۔ بورڈ کے اراکین میں سول اسپتال کےای این ٹی سرجن پروفیسر عمر فاروق، جناح اسپتال کے نیوروسرجن پروفیسر لعل رحمان ، جناح اسپتال کےای این ٹی سرجن ڈاکٹر محمد عثمان ، آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر اقبال احمد مغیرہ، آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر پریم چند ، سی بی لیب کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جلیل قادر، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کےای این ٹی پروفیسر محمد حسن شیخ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عالم ابراہیم صدیقی شامل ہیں ۔ بورڈ 13 سالہ طالبعلم محمد احمد حسن کے معائنہ کے ساتھ ملک یا بیرون ملک میں اس کے علاج سے متعلق سفارشات پیش کرے گاجبکہ زخموں کی وجوہات بھی بیان کرے گا۔ بورڈ محکمہ صحت کو اپنی رپورٹ اسی دن جمع کرائے گا۔ واضح رہے کہ کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں چند دن قبل تشدد کے باعث آٹھویں جماعت کے طالبعلم محمد احمد حسن ولد محمد راشد مشہوری کی حالت بگڑ گئی اور اسے تشویشنا ک حالت میں اسپتال داخل کیا گیا تھا تاہم اسے تاحال ہوش نہیں آسکا۔