وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مردان ہائی سیکورٹی جیل کو سینٹرل جیل قرار دینے کی سمری واپس کردی۔ اپیکس کمیٹی کی طرف سے مردان جیل کو سینٹرل جیل کا درجہ دینے کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
وزیراعلیٰ کا سمری پر اعتراض تھا کہ اس کی تیاری میں محکمہ خزانہ اور پولیس سے مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ پولیس اور محکمہ خزانہ سے مشاورت کے بعد نئی سمری دوبارہ تیار کی جائے۔
محکمہ جیل خانہ جات کےذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پشاور سے ایک ہزارقیدیوں کو مردان جیل منتقل کرنا تھا۔500قیدیوں کی گنجائش والی سینٹرل جیل پشاورمیں 2900قیدی ہیں۔ گنجائش کم ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو بیرک کے بجائے مسجد میں رکھا جارہا ہے۔مردان ہائی سیکورٹی جیل خطرناک ترین قیدیوں کے لئے خصوصی میٹریل سے بنائی گئی ہے۔