کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی اے او ہاکی لیگ فائنل مر حلے میں داخل ہوگئی۔ ٹائٹل کیلیے جنگالصغیر اور جان محمد الیون کے درمیان ہوگی۔ فائنل کی تاریخ کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔ اتوار کو ایم اے شاہ ، اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں جان محمد الیون نے الفیصل کلب کو اور الصغیر کلب نے افتخار سید الیون کو ناکامی سے دوچار کیا، الصغیر کے سلمان خورشید نے ہیٹ ٹرک بنائی، فاتح ٹیم نےافتخار سید اکیڈمی کو 11گول سے مات دی، حریف ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔اس میچ میں فاتح ٹیم نے مکمل کنٹرول رکھا اور حریف کھلاڑیوں کو بے بس بنادیا، سہیل عباس جونیئر نے دو مرتبہ جال میں اچھالا، علی حسین نے10 اور 23ویں منٹ میں گول اسکور کئے، ایک منٹ بعد ہیشان نے گول اسکور کردیا، شان نے اپنا پہلا گول کھیل کے پہلے منٹ میں اسکور کیا تھا، حماد نے44 اور اولمپئن عباس حیدر نے چوتھے منٹ میں اپنی ٹیم کے گول بنائے، اس میچ کے مہمان خصوصی ڈی ایم سی سینٹرل کے چئیر میں ریحان ہاشمی تھے۔ دوسرے سیمی فائنل میں جان محمد الیون نے الفیصل کلب کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا، اس میچ کے مہمان خصوصی ڈی ایم سی وسطی کے وائس چیئر مین شاکر علی تھے ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے نعمان نے دو گول بنائے۔ سلمان اور سمیع نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ الفیصل کلب ابتدائی 20منٹ میں دو گول کی برتری کے باوجود میچ میں ناکامی سے دوچار ہوگئی، ان کی طرف سے عرفان نے دسویں منٹ میں گول بناکر سبقت دلادی تھی، 20ویں منٹ میں شہباز نے دوسرا گول اسکور کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی تھی، مگر بعد میں ان کے کھلاڑی فاتح ٹیم کےسامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکے۔ ان میچوں کو قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیع اللہ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ حنیف خان اور سابق کپتان منصور احمد ،کے ایچ اے کےصدر ڈاکٹر جنید علی شاہ، سکریٹری حنیف خان ،انٹر نیشنل کھلاڑی احتشام وارثی نے بھی دیکھا۔