مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ تقدیریں کنٹینر پر چڑھ کر عزتیں اُچھالنے سے نہیں بنتیں۔
گجرات کے علاقے جلال پور جٹاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے جلسے میں 9لاکھ90ہزار لوگ دعوے سے کم تھے۔
حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی پر کئی لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے، عمران خان ہوش کے ناخن لیں،انہوں نے نواز شریف کی ٹانگیں تو کھینچی ہیں مگر پاکستان کی ترقی کی ٹانگیں نہ کھینچیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کو پیرس بنانے والوں نے پنجاب بینک میں ڈاکا ڈالا اور پنجاب کی قسمت نہیں بدلی، پاکستانی سیاست میں بڑے بڑے ڈھونگ رچائے جارہے ہیں، 126 دن اسلام آباد میں بیٹح کر ملک کو یرغمال بنایا گیا۔
حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے ثبوت مانگے تو عمران خان کے پاس شرمندگی کے سوا کچھ نہ تھا، پاناما لیکس میں جو ثبوت دیئے ہیں ان پر کل لوگ پکوڑے جلیبی کھائیں گے،جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوتا ہے شیر بازی لے جاتا ہے اور بلے والے نظر نہیں آتے۔