• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرگودھا میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس طلبہ کیلئے ویلکم پارٹی

سرگودھا(نمائندہ جنگ)وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نےسرگودھا میڈیکل کالج کے زیر اہتمام ایم بی بی ایس کے نئے سیشن کے آغاز پر منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج علاقہ بھر میں صحت کے میدان میں انقلاب برپا کر رہا ہے ۔ شعبہ میڈیکل سے وابستہ طلباء وطالبات کی دیگر شعبوں کے مقابلہ میں ذمہ داریاں زیادہ ہیں جس کے لئے انہیں ہر وقت مستعد اور باعمل رہنا چاہیے۔اس وقت ہمارے وطن عزیز کو ذمہ دار ڈاکٹروں اور طب سے وابستہ افراد کی اشد ضرورت ہے جو صحت کے میدان میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نے مزید کہاکہ ہمارے طالب علموں میں بے حد ٹیلنٹ ہے اور اسی کی بنیاد پر ہر سال ہمارے ایم بی بی ایس کے غیر معمولی نتائج آتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے کہا کہ اس وقت کالج میں جو کورسز پڑھائے جا رہے ہیں وہ مارکیٹ کی ضرویات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کئے گئے ہیں۔قابل اور محنتی اساتذہ کی بدولت طالب علموں کی ذہنی استعداد کار میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر حمیرااکرم نے کہا کہ کالج میں طلبہ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔طالب علم نظم وضبط کا خصوصی خیال رکھیں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تحقیقی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دیں ۔بعدازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نے کالج کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔ اس موقع پر ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل،پرنسپل ایگریکلچرکالج پروفیسر ڈاکٹر ظفراقبال، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ،ڈائریکٹر یو ایم اینڈ آر سی پروفیسر ڈاکٹر نوید جبار بندیشہ، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر سرور ، پرنسپل انجینئرنگ کالج پروفیسر ڈاکٹر غلام یا سین چوہان ،انچارج تعلقاتِ عامہ ومطبوعات ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا ،طلباء وطالبات اور والدین کثیر تعدادمیں موجود تھے ۔
تازہ ترین