سکھر(بیور ورپورٹ) جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر ،روپوش اور اشتہاری ملزمان ،منشیات، فحاشی ، جوائے کے اڈوں کے خلاف پولیس کی جانب سے آپریشن جاری ہے اور اس آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا، سکھر پولیس کو مطلوب روپوش اور اشتہاری ملزمان کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور ان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے متعدد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،ضلع بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے ، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد اور جرائم کی سرکوبی کے لئے تمام پولیس افسران و تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کریں، صنعتی علاقوں میں پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے گا اور مختلف چوراہوں پر پولیس کی عارضی چوکیاں بھی قائم کی جائیں گی، صنعت کاروں، تاجروں اور عوام کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لئے کام کریں گے، جرائم کا خاتمہ اور عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔