• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی زیرقیادت اقتصادی ترقی نے پاکستان کو نئی شناخت دیدی، احسن اقبال

لندن (جنگ نیوز)منصوبہ بندی، ترقیات اور اصلاحات کے وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی زیرقیادت اقتصادی ترقی سے پاکستان نے نئی شناخت حاصل کرلی ہے۔ وہ سی پی ای سی اوئرنیس سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے، جس کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا جو پاکستان کو سب سے خطرناک ملک قرار دیتا تھا اب اسےایشیا کی اگلی ابھرتی معیشت قرار دے رہا ہے۔ حکومت نے نمایاں طور پر انتہاپسندی اور دہشت گردی ختم کردی ہے جس کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوگیا خاص طور پر کراچی میں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت انرجی سیکٹر میں 35ارب ڈالر کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا سامنا ہے جس سے نہ صرف ہماری توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ پیداواری شرح میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔ منسٹر آف سٹیٹ بورڈ آف انوسٹمنٹ ڈاکٹر مفتاح اسمعیل نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کا آغاز ہوا ہے جس کا سبب موجودہ حکومت کی موثر مینجمنٹ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر سیدابن عباس نے کہا کہ معاشی اور سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے پر پاکستان کے بارے میں دنیا کا بیانیہ بدل رہا ہے جس کی وجہ وزیراعظم پاکستان کا پیش کردہ تصور ہے۔ ڈبلیو سی اوپی کے چیئرمین سیدقمررضا نے سیمینار میں خطاب پر وزرا کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ یہ راہداری کے بارے میں آگہی کی فراہمی کے لئے سودمند رہا۔ ڈبلیو سی او پی کے صدر ڈاکٹر سہیل چغتائی نے تنظیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالی جبکہ نوید احمد نے بھی اظہار خیال کیا سیمینار کی نظامت ڈاکٹر عارف انیس نے کی۔
تازہ ترین