کوئٹہ سے تعلق رکھنےوالے پاکستان کےمایہ ناز باکسر محمد وسیم 27نومبر کو فلائی ویٹ کیٹگری میں ا ورلڈ باکسنگ کونسل سلور ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کر یں گے ۔
ورلڈ باکسنگ کونسل سلو رفلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل کےلئے فائٹ جنوبی کوریا کےشہر سیئول میں ہوگی جہاں فلپائن کے گیمل میگرامو Giemel Magramo محمد وسیم کےمدمقابل ہوں گے۔
29سالہ محمد وسیم نے فائٹ کےلئے بھرپور تیاریاں کی ہیں ،ان کا 22 سالہ فلپائنی باکسر سےسخت مقابلہ متوقع ہے ان کے حریف باکسر میگرامو کاریکارڈ بھی شاندار رہاہے۔
میگرامو اب نقابل شکست رہے ہیں انہوں نے تمام 17فائٹس جیتی ہیں، دوسری جانب کامن ویلتھ گیمز سلور اور ایشین گیمز برونز میڈلسٹ باکسر محمد وسیم نے بھی اس دوران پروفیشنل باکسنگ میں تیزی سے ترقی کی ہے۔
محمد وسیم اپنے ٹرینر جیف مے ویدر کے ہمراہ اس مقابلے کے لئے امریکی شہر لاس ویگاس سے سیئول پہنچ گئے ہیں ، لاس ویگاس میں انہوں نے فلائیڈ مے ویدر جونئیرز باکسنگ کلب میں تقریبا دو ماہ سخت تربیت حاصل کی۔اب سیئول میں کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے یا نہیں،اس کا فیصلہ 27 نومبر کو ہوجائےگا ۔