• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاول پور: چوک سرائیکی سے فوارہ چوک تک روڈ سیفٹی آگاہی واک

بہاول پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالہ سے عوام میں انفرادی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو بہتر اور حادثات سے محفوظ شاہرات مہیا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکٹر کمانڈر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رحیم یار خان ایس ایس پی عبد الخلیل نے گذشتہ روز موٹر وے پولیس روڈ سیفٹی انسٹی ٹیوٹ بہاول پور کے زیر اہتمام چوک سرائیکی سے فوارہ چوک(ختم نبوت چوک)تک منعقدہ روڈ سیفٹی آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انچارج موٹر وے پولیس روڈ سیفٹی انسٹی ٹیوٹ بہاول پور عامر شہزاد خان، دیگر پٹرولنگ افسران، ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر آصف رحیم چنڑ، ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا محمد زاہد، ڈائیووکمپنی کے نمائندگان، ٹرانسپورٹرز، ٹریفک پولیس،گورنمنٹ عباسیہ ہائیر سیکنڈری سکول کے طلبا، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی نمائندگان کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔سیکٹر کمانڈر عبد الخلیل نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آج ہمارے کل کی ضمانت ہے اگر ہم نسل نو کو شروع سے ہی نظم وضبط کی عادات اپنانے کی تلقین کریں گے اور انہیں اصول وقوانین کا پاسدار بنائیں گے تو ہم ایک اچھے کل کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم شاہرات پرسفر کرتے ہوئے قوانین کی پاسداری کریں اور نسل نوکو بھی اس کا پابند بنائیں۔ بعد ازاں انچارج موٹر وے پولیس روڈ سیفٹی انسٹی ٹیوٹ بہاول پور عامر شہزاد خان کی طرف سے شرکائے واک میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالہ سے آگاہی پمفلٹس اور بروشرز بھی تقسیم کئے گئے۔
تازہ ترین