• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں شریعت قائم کریں گے، مودی کے ہاتھ میں لکیرنہیں کہ پاکستان کاپانی بندکرسکے، سراج الحق

 کراچی  ( اسٹاف رپوٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم ایسا نظام اور معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں ایک انسان دوسرے کا محتاج نہ ہو ایک ایسی دنیا جس میں غربت اور جہالت نہ ہو ،ایک خاندان اور پارٹی دوسروں کا استحصال نہ کرے ،جہاں کرپشن اور رشوت عام نہ ہو،بستیوں شہروں میں امن وسکون عام ہوجائے ،عوام کے بچوں کو انصاف اور امن ملے ،قائد اعظم نے قوم سے وعدہ کیا کہ میں مدینہ کی طرح اسلامی ریاست بناؤں گا، ہم بھی اس ملک میں اسلامی شریعت قائم کریں گے ،پاکستان میں حکمرانی صرف عوام کی ہوگی ،مودی کے ہاتھ میں وہ لکیر نہیں کہ پاکستان کا پانی بند کرسکے ،آرمی چیف کی آئین اور ضابطے کے تحت رخصتی اورنئے آرمی چیف کا تقرر خوش آئند ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراونڈ میں جماعت اسلامی کے تحت دوروزہ سندھ ورکرز کنونشن کے پہلے دن اپنے خطاب میں کیا ۔ کنونشن میں کراچی سمیت اندرون سندھ سے ہزاروں مرد وخواتین شریک ہو ئے ۔ کنونشن اتوار کے روز بھی جاری رہے گا ۔کنونشن کے پہلے دن انٹرنیشنل سیشن بھی ہوا جس کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے کی جبکہ ابتدائی سیشن میں امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا  ۔ ابتدائی سیشن سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی ، پروفیسر نظام الدین میمن اور مولانا عطاءاللہ روف نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض جماعت اسلامی سندھ کے سکریٹری ممتاز حسین سہتو نے انجام دیے ۔
تازہ ترین