ڈیرہ غازی خان،دراہمہ (نمائندہ جنگ،نامہ نگار )شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے نواحی علاقہ سرور والی میں محمد عمر ولد محمد اعجاز نے گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی دلشانہ کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا ، ، ملزم کے چچا کے مطابق ملزم محمد عمر اور دلشانہ ملتان کے علاقے پل مظفرآباد کے رہائشی اور قریبی ہمسائے تھے، دونوں نے چھ ماہ قبل گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی اور اب ڈیرہ غازیخان رہائش پذیر تھے،محمد عمر محنت مزدوری کرتاتھا ، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی اور مقتولہ کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ ایس ایچ او تھانہ دراہمہ واجد کھوسہ نے بتایا کہ لڑکی کے بازو پر زخم کے نشان بھی تھے اور چوڑیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں ،لڑکی نے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی تھی۔