کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے ٹاپ باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دیکر پروفیشنل ورلڈ باکسنگ کونسل کےسلور ویٹ ٹائٹل کا شاندار دفاع کیا۔ کوریا کے دارالحکومت سیئول میں منعقدہ فائٹ میں محمد وسیم نے 112 کے مقابلے میں114 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ گیمل میگرامو اس سے قبل 17مقابلوں میں ناقابل شکست رہے تھے۔وسیم نے جولائی میں محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر جیدر اولیوا کو شکست دینے کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ عالمی سطح پر یہ ان کی چوتھی فائٹ تھی۔ وسیم فلائی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے جنوبی ایشیائی کھلاڑی ہیں۔ فائٹ جیتنے کے بعد محمد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ وہ دس سال سے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن ان کی حالیہ کامیابیوں میں کورین پروموٹر اینڈی کم کا بڑا ہاتھ ہے۔ باکسنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کے لیے جسمانی صحت اور ٹریننگ کا خرچ تعاون کے بغیر پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔ محمد وسیم کی کامیابی پر ان کے ابتدائی کوچ عطا محمد نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم انتہائی ذہین باکسر ہے، اب پروفیشنل باکسنگ میں بھی پاکستان کا نام روشن کررہا ہے، یوتھ کلب کوئٹہ وسیم کا کلب تھا اس کلب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے کئی اولمپئن بھی پیدا کئے۔ ہمارا کلب آج بھی اپنی مدد آپ چل رہا ہے کسی قسم کی حکومتی سرپرستی نہیں ہے، کلب میں تین سو سے زائد باکسر ٹریننگ لے رہے ہیں۔