کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیڑسراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے مسا ئل کے حل کی چابی عوام کے پاس ہے،ہماری جدوجہد آئینی اور جمہوری طر یقے سے انقلاب ہے، احتساب سب کا ہو نا چا ہیے، پانا ما لیکس کے ثبوت ان سے مانگیں جنہوں نے ملکی پیسہ چرایا، پاکستان اسلام کیلئے بنا ، جو لوگ اس ملک کو لبرل اور سیکولر بنانا چاہتے ہیں ، وہ آئین سے غداری کررہے ہیں ،جو حکمران ملکی نظریے اور جغرافیہ کا تحفظ نہ کرسکے انہیں حکمرانی کا حق نہیں، دنیامیں عزت اور آخرت میں کامیابی کیلئے حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ کو رول ماڈل بنانا ہوگا، مغرب نے امت مسلمہ کو نقصان پہنچانے کیلئے خاندانی نظا م اور خواتین کو ہدف بنایا، جماعت اسلامی سندھ اور کراچی کا کیس سینیٹ سمیت ہر جگہ لڑے گی، جماعت اسلامی تبدیلی اور انقلاب کی جماعت ہے ،ہماری جنگ قاتلوں ، لٹیروں، وڈیروں ، جاگیرداروں اور شوگر مافیا کے خلاف ہے ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے ہمارا پیغام محبت اور امن کا پیغام ہے ،پاناما لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس کی صورت میں حکمرانوں کی کرپشن کے انبار کھلی آنکھ سے نظر آرہے ہیں ، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہے ،سندھ اسمبلی میں مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے جو قانون بنایا ہے وہ شریعت کے خلاف ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے با غ جنا ح میں منعقدہ سندھ ورکرز کنونشن میں خواتین کانفرنس اور کنونشن کے اختتام پر ایک بڑے اور عظیم الشان جلسہ عزم اسلامی انقلاب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ، جلسے سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا جبکہ خواتین کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کی رکن و سابق رکن قومی اسمبلی سمیحہ راحیل قاضی ، صدر انٹرنیشنل ویمن یونین سابق سینیٹر ڈاکٹر کوثر فردوس ، سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ منور اور دیگر نے بھی خطاب کیا،جلسے میں کراچی اور اندرون سندھ سے آئے ہوئے ہزاروں مرد وخواتین نے شرکت کی،جبکہ ہندو ، عیسائی اور دیگر اقلیتی نمائندوں نے بھی شرکت کی ،سراج الحق نے مزید کہا کہ میں نا مساعد حالات میں اتنا بڑا کنونشن منعقد کرنے اور اس کے انتظامات اور میزبانی کرنے پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور حافظ نعیم الرحمن کو اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔باب الاسلام کا یہ کنونشن اسلامی اور تعلیم یافتہ پاکستان کی نوید ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارے 70سال ضائع کرد دیئے ، حکمرانوں کے حالات تو بدلے لیکن غریب عوام کی حالت نہ بدل سکی ،ہم پاکستان میں کسی خاندان کی بادشاہت کے بجائے اسلامی شریعت کی حکمرانی چاہتے ہیں اسی طریقے سے دنیا میں عزت اور آخرت میں نجات مل سکتی ہے ۔ہم عدالتوں ، ایوانوں ، تعلیمی اداروں اور زندگی کے ہر شعبے میں قرآن کی روشنی اور نور پھیلانا چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی تبدیلی اور انقلاب کی جماعت ہے اور ہم آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک کے ہر شعبے میں تبدیلی اور انقلاب کی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے لیے بنا تھا جو لوگ لبرل اور سیکولر یا اس ملک کو کچھ اور بنانا چاہتے ہیں وہ شہداء پاکستان اور آئین سے غداری کررہے ہیں ۔جو حکمران ملک کے نظریے اور جغرافیہ کا تحفظ نہ کرسکے انہیں حکمرانی کا حق نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مطیع الرحمن نظامی بنگلہ دیش پر پھانسی پر چڑھ رہے تھے ہمارے حکمران حسینہ واجد کی طرح بھارت سے دوستیاں بڑھا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر معراج الہدی ٰ صدیقی نے سندھ کے لیے جو ایجنڈا دیا ہے میں ان کے ساتھ ہوں اور میں سندھ و کراچی کا کیس سینیٹ سمیت ہر جگہ لڑوں گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی علم ، روشنی، مدراس، تجار ت ، تہذیب اور ترقی کا شہر تھا اس کی قیادت لیاقت علی خان ، شاہ احمد نورانی ، پروفیسر غفور ، عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان جیسی شخصیا ت کے پاس تھی لیکن پھر کیا ہوا کراچی کفن ، تابوت ، بوری بند لاشوں ،دہشت گردی اور بھتہ خوری کا شہر بن گیا ۔یہ سب کچھ نااہل اور عوام دشمن قیاد ت کی وجہ سے ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہزاروں ٹن کچرہ موجود ہے ، دنیا چاند اور مریخ پر جارہی ہے اور کراچی والے پانی اور بنیادی ضروریا ت کا مطالبہ کررہے ہیں، کراچی کے مسائل کے حل کی چابی کراچی کے عوام کے پاس ہے ،جماعت اسلامی میں ہر زبان ، صوبے ، علاقے اور مسلک کے لو گ شامل ہیں اور یہ ایک خوبصورت گلدستہ ہے اس کی خوشبواور روشنی اندھیروں کو اجالے میں تبدیل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ تھر میں جب ہزاروں بچے مررہے تھے تو لاڑکانہ میں ایک ارب روپے کا جشن منایا گیا اور ایک حکومتی اہلکار نے کہا کہ یہ تو مرتے رہتے ہیں ۔سرا ج الحق نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے جو قانون بنایا ہے وہ شریعت کے خلاف ہے میں مراد علی شاہ نہیں بلکہ زرداری سے کہنا چاہتاہوں کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جو آئین بنایا تھا وہ ملک جوڑنے کے لیے تھا ان کی پارٹی آئین سے بے وفائی کررہی ہے زرداری خود ہی یہ قانون واپس لے لیں ورنہ ہم سمجھیں گے کہ ان کی پارٹی اپنے بانی کے بنائے ہوئے آئین کو نہیں مانتی ۔انہوں نے کہا کہ نادرا نے کراچی میں لاکھوں لوگوں کے کارڈز کینسل کیے اور شہریوں کو شناختی کارڈز کے حصول میں بے شمار پریشانیوں کا سامنا ہے حالانکہ نادرا کا کام شہریوں اور عوام کو سہولت دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس کی صورت میں حکمرانوں کی کرپشن کے انبار کھلی آنکھ سے نظر آرہے ہیں ، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہے امید ہے کہ سپریم کورٹ کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر ے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری جنگ قاتلوں ، لٹیروں، وڈیروں ، جاگیرداروں اور شوگر مافیا کے خلاف ہے ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے ہمارا پیغام محبت اور امن کا پیغام ہے ہماری تحریک جاری رہے گی ، اس موقع پر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ کنونشن نے کشمور سے کراچی تک عوام کو خوشحالی اور امن کا پیغام دیا ہے ، جماعت اسلامی دیہی اور شہری تقسیم اور ہر قسم کی تفریق سے بالا تر ہوکر سندھ کے عوامی مسائل حل کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ڈاکٹر معراج الہدی ٰ صدیقی نے کہا کہ ہمارا کنونشن محبتوں کا پیغام پورے سندھ میں پھیلارہا ہے یہاں ہندو عما ئدین اور عیسائی نمائند وں سمیت اقلیتی برادری سراج الحق کی قیادت میں موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو پسماندگی کی طرف دھکیلا گیا ہے اور کراچی کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ نہ تو صوبہ سندھ اور نہ کراچی میں سیاسی خلاء موجود ہے ۔جماعت اسلامی منظم سیاسی طاقت کے طور پر موجود ہے جس طرح اس شہر کا ماضی جماعت اسلامی تھا مستقبل بھی جماعت اسلامی سے وابستہ ہوگا، علا وہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیامیں عزت اور آخرت میں کامیابی کے لیے حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ کو رول ماڈل بنانا ہوگا۔ مغرب نے امت مسلمہ کو نقصان پہنچانے اور تباہ کرنے کے لیے خاندانی نظا م اور خواتین کو ہدف بنایا ہے ۔ انقلاب اور تبدیلی جدوجہد میں خواتین کا کردار بہت اہم اور کلیدی ہے ۔ کنونشن میں اور خواتین کانفرنس میں سندھ بھر سے ہزاروں خواتین کی شرکت پر میں تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے حوصلوں اور جذبوں کو سراہتا ہوں ،خواتین کانفرنس میں ایک مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا گیا ۔ ناظمہ جماعت اسلامی کراچی فرحانہ اورنگزیب نے مشترکہ اعلامیہ پیش کیا ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ سندھ ورکرزکنوشن اور خواتین کانفرنس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے ۔ یہ ظلم کے خاتمے اور عدل و انصاف کی جدوجہد میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا اتحاد اور یکجہتی اور اپنے نظریے اور عقیدے سے پختہ وابستگی امریکی حواریوں اور دجالی تہذیب کو شکست سے دوچار کرے گی ۔