راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کینٹ ایریاز کے بازاروں میں تجاوزات کیخلاف ایک بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو دوہفتے لگاتار ہو گا جس میں گوالمنڈی کے گلی محلوں میں کھلی گاڑیوں کی غیرقانونی ورکشاپس کیخلاف خصوصی آپریشن کے ساتھ ساتھ بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار کا خاتمہ کروایا جائے گا، کینٹ بورڈ راولپنڈی کے ترجمان قیصر محمود کے مطابق تجاوزات کیخلاف آپریشن دو ہفتوں پر محیط ہو گا اور بلاتفریق یہ آپریشن کیا جائے گا، اس حوالے سے پہلے ہی تاجر برادری کو آگاہ کر دیا گیا ہے، ٹنچ بھاٹہ، پیپلز کالونی، مصریال روڈ، ڈھوک سیداں روڈ، گوالمنڈی، صدر، بابو محلہ سمیت تمام بازاروں میں تجاوزات کیخلاف بلا تفریق اور بھرپور آپریشن ہو گا تاکہ تجاوزات کا مکمل صفایا ہو سکے اور آئے روز ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔