شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)سوئی ناردرن گیس کارپوریشن کے ریجنل منیجراظہر رشید نے بتایا ہے کہ ضلع شیخوپورہ کی 28سو کلو میٹر پرانی گیس پائپ لائن کو تبدیل کرنے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے عوام ،صنعت کاروں ،کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔تمام لائنوں اور تمام میٹرز کو یو ایف جی کی ٹیمیں چیک کریں گی، انہو ں نے یہاں ڈپٹی چیف انجینئر چوہدری عمران صفدر ورک اور انجینئر زین طارق کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس چوری روکنے کے لیے ہماری ٹیمیں گھر گھر جا کر میٹروں کی چیکنگ اور گیس لیکیج کو روکنے کے لیے وزٹ کر رہی ہیں اس سلسلہ میں 3ماہ کے دوران 7500میٹر تبدیل کر چکے ہیں جس میں 40فیصد ٹیمپرنگ پائی گئی ہے 400سے زائد غیر قانونی کنکشن بھی پکڑے گئے ہیں اور ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔