سکھر (بیورو رپورٹ) سب رجسٹرا ر آفس سکھر میں مبینہ کرپشن کے خلاف شہری اتحاد کی جانب سے تیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مولانا عبیداللہ بھٹو نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جب سے سب رجسٹرار آفس قائم ہوا ہے تب سے رجسٹری کرانے کے لئے جانے والے افراد کو پریشان کیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سب رجسٹرار آفس کے عملے کی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔دریں اثناء جئے سندھ قومی محاذ ضلع سکھر کے صدر غلام مصطفی پھلپوٹو نے الزام لگایا کہ مبینہ طور پر جعلی رجسٹریاں بنانے کے ماہر سب رجسٹرار سکھر نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، سب رجسٹرار کی جانب سے ایک مخصوص گروپ بنا کر شہر کے پلاٹوں پر مبینہ قبضہ کر کے ان کی جعلی رجسٹریاں بنائی جا رہی ہے جبکہ حقیقی افراد اپنی رجسٹریوں کیلئے کئی کئی چکر لگانے کے باوجود رجسٹریوں سے محروم ہیں، انہوں نے متنبہ کیاکہ اگر فوری طور پر مذکورہ سب رجسٹرار کو برطرف کر کے اس کے خلاف تحقیقات کا آغاز نہیں کیا گیا تو جسقم احتجاجی تحریک شروع کرےگی۔