سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع کونسل سکھر کے ملازمین نے 19ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف دفتری کام کاج بند کر کے ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد اسلم شیخ کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینراور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت عبدالمجید، عبدالشکور اور طارق حسین نے کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع کونسل کے ملازمین کو 19ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے مسلسل سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی بھی مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں، چیئرمین ضلع کونسل محمد اسلم شیخ نے چند ماہ قبل جب اپنے عہدے کاچارج سنبھالا تھا تو انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ملازمین اپنے فرائض احسن انداز میں ادا کریں لیکن چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ملازمین کے مسائل کو حل کرنا تو دور کی بات ہے وہ ضلع کونسل میں آتے ہی نہیں ہیں اور ان کے ضلع کونسل میں نہ آنے کی وجہ سے ملازمین نے ان کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوتے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی نہیں بنائی جاتی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، 19ماہ سے ضلع کونسل کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ملازمین شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور مالی بحران کے باعث نہ صرف ملازمین بلکہ ان کے اہلخانہ بھی مشکلات سے دوچار ہیں، تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے مسلسل احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، تمام ملازمین کو 19ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں اور عدالت کے حکم کے مطابق ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے جب تک ملازمین کے مسائل حل نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔