کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر اور قانون ساز اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سابق آمر پرویز مشرف نے مسئلہ کشمیر پر یوٹرن لیکر جدوجہد آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت نے آزادی کشمیر کی جدوجہد میں نئی روح پھونک دی ہے۔پاکستان بھارت پر دباؤ ڈالنے کیلئے اپنی میزبانی میں اوآئی سی کا اجلاس طلب کرکے کشمیری عوام کو اپنی رائے شماری کا حق دلانے میں کردار ادا کرے۔ کشمیری عوام اپنے خون کے آخری قطرے تک جنت نظیر کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، عوام کی قربانیوں اور اللہ کی مدد سے کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوکر رہے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے زیراہتمام اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق امیر صوبہ ڈاکٹر ممتاز علی میمن، امیر صوبہ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امراءمحمد حسین محنتی، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز، جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو، عظیم بلوچ، مجاہد چنا، وزیرعلی جمالی ودیگر بھی موجود تھے۔ عبدالرشید ترابی نے مزید کہا کہ مودی نے پانی بند کرنے کی بات کرکے پاکستان کیخلاف کھلی جنگ کا اعلان کیا ہے، کشمیر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی تحریک آزادی میں شمولیت سے بھارت خوفزدہ ہوگیا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کردیں ہیں۔ 4ماہ سے کرفیو لگا ہوا ہے مگر اس کے باوجود حریت رہنماءسید علی گیلانی نے استقامت کے ساتھ اس تحریک کو آگے بڑھایا ہے،کشمیر مسئلہ پر کانفرنس اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق عوام کورائے شماری کا حق دلانے کیلئے پاکستان کو اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔