اسلام آباد (ایجنسیاں) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان سے غیر حاضر رہنے پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی رکنیت قواعدوضوابط کے تحت معطل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے اس بارے میں وہ ا یوان سے قرادادمنظور کرائیں گے تاکہ غیر حاضر اراکین کی تنخواہیں بند کی جاسکیں، اجلاس میں نہ آنے والے ارکان کو اس دن کی کوئی ادائیگی نہ کرنے کے معاملہ پر ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں غور کریں گے انہوں نے ایوان کو ہول کمیٹی میں تبدیل کرنے کی مخالفت کردی اگر پورے ایوان کو کمیٹی بنا دیں تو قائمہ کمیٹیوں کی افادیت ختم ہوجائے گی۔قومی اسمبلی کے ضابطہ کار میں پورے ہائوس پر مشتمل کمیٹی اور پبلک پٹیشنزکا معاملہ شامل نہیں ہے۔پی ٹی آئی ارکان کی بغیر چھٹی کی درخواست کے مسلسل چالیس روز غیر حاضری کے بعد معاملہ قواعد کے مطابق ایوان میں لے کر جائوں گا۔ چالیس روزہ غیر حاضری سے ایوان کو آگاہ کروں گا۔ ماضی میں گالیاں کھا کر بھی تحمل کا مظاہرہ کیا اب بھی ایسا کروں گا تاہم قواعد پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ اگر کوئی مجھے اسپیکر نہیں مانتا تو اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ میں آئینی اسپیکر ہوں اور مجھے قومی اسمبلی نے منتخب کیا۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف میں نے ریفرنسز کی متعلقہ دستاویزات دیکھنے کے بعد انہیں الیکشن کمیشن بھجوا یا اجلاس میں نہ آنے والے ارکان کو اس دن کی کوئی ادائیگی نہ کرنے کے معاملہ پر ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں غور کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں کے ایک گروپ سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید مجھے چیمبر میں گلے لگا کر ملتے ہیں اور جب وہ چینلز پر ہوتے ہیں تو اپوزیشن کرنے کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔میڈیا کو پیمرا میں جانے سے پہلے خود احتسابی کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ ایوان میں ہمیشہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیتا ہوں تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کو بلاامتیاز بات کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اگر بلوچستان کا کوئی رکن بولنا نہ چاہے تو انہیں مجبور نہیں کرسکتاہماراایک رکن ایسا بھی ہے جو وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور سب جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں سے پہلے بات کرنا چاہتا ہے۔ یورپین یونین کے پراجیکٹ آئی پی 4 میں میڈیا تربیت اور باہمی روابط پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنا حکومت اور سیاسی جماعتوں کی زمہ داری ہے کورم کی شرط ختم کرنے حق میں نہیں ہوں۔سردار ایازصادق نے واضح کیا کہ پاکستان میں جمہوریت ابھی اس سطح پر نہیں پہنچی کہ کورم کی شرط ختم کردی جائے ۔خورشید شاہ کے کہنے پر پیپلزپارٹی کے ارکان اجلاس میں پہنچ جاتے ہیں۔