لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہونا شروع ہو گئی ہے ،الزام لگانے والوں کے پاس حسب عادت کوئی ثبوت نہیں،عمران پگڑیاں اچھالنا بند کر دیں ۔ہمارے پاس ضائع کرنے کے لئے وقت نہیں ، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے کی بجائے ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر کے ملک کی تقدیر بدلتے ہوئے مضبوط جمہوری ادارے عوام کا مقدر بننے جا رہے ہیں -گزشتہ روزگریٹر اقبال پارک میں 8ویں سالانہ گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ مخالفین پانامہ لیکس کے ثبوت پیش نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا اب سیاسی جماعتوں کے لئے 2018 میں عوامی عدالت لگے گی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہو گا ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دائیں بائیں قرضہ معاف کرانے اور قبضہ گروپ یعنی جہانگیر ترین اور علیم خان کے علاوہ کے پی کے پر بھی غور کر لیں جہاں کے عوام ان کا شدت سے راستہ دیکھ رہے ہیں ۔انھوںنے کہا کہ بلاول کو ان کے بیانات مبارک ہوں ہمیں میاں نواز شریف نے ایسی گفتگو کرنے کا درس نہیں دیا، محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے لئے خدمات ہیں ،مجھے انہی کے دور میں پہلی مرتبہ 6 ماہ جیل کاٹنا پڑی۔