وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ نعیم بخاری پرویز مشرف کے دور میں کیوں ثبوت نہ لاسکے، اس وقت بھی آگے بڑھ کر بہت بولتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کےعوام نواز شریف کے ساتھ ہیں ، عمران خان آنے والے دنوں میں آپ منہ چھپاتے پھریں گے،اگلے الیکشن میں ہم سندھ میں بھی کلین سوئپ کریں گے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ پاناما پر عمران خان کا جھوٹ پکڑا گیا ہے، جس طرح قصوری کا منہ کالا ہوا تھا عوام ان کا منہ کالا کرے گی۔
عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان تین سالوں سے دیدہ دلیری سے جھوٹ بول رہے ہیں اور قوم کے سامنے کاغذ لہراتے رہے کہ ان کے پاس ثبوت ہیں،عمران خان کے ساتھ جھوٹے مکار لوگوں اور ڈاکوؤں کا گینگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹیکس چوروں اور ڈاکوؤں کا مینا بازار لگا رکھا ہے،حامد خان جیسے وکیل چھوڑ گئے ہیں، بھاڑے کے ٹٹو ان کے ساتھ ہیں۔
عابد شیر علی کا مزید کہنا تھا کہ علی بابا اور چالیس چوروں کا سرغنہ عمران خان اور جہانگیر ترین ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ابھی بچہ ہے، وزات عظمیٰ کیلئے بڑی نشستیں جیتنا ہوتی ہیں، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن سندھ سے بھی جیتے گی۔