ملتان (سٹاف رپورٹر،پ ر)ڈی سی اوملتان نادر چٹھہ کی ہدایت پر ضلعی ٹاسک فورس برائے ڈرگ نے چھاپہ مار کر جعلی دوائیں بنانے والی ایک اور فیکٹری پکڑ لی اور 3ملزم گرفتار کر لئے ۔ محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم نے ڈرگ انسپکٹر اسد چوہدری کی قیادت میں گھنٹہ گھر کے قریب نجی گھر میں چھا پہ مارا تو ملزمان افتخار اور دیگر غیر قانونی پلانٹ لگا کر جعلی سیرپ ،ادویات اور انجکشن تیار کر رہے تھے ، فیکٹری کو سیل کر کے تمام تر سامان قبضے میں لے لیا گیااور نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ۔ ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔دریں اثناءضلعی انتظامیہ نے بہاولپور روڈ پر پرانے ٹائروں کو جلانے والا کارخانہ سیل کر کے 2ملزم گرفتار کر لئے ۔اسسٹنٹ کمشنر صدر ملک عطاء الحق نے ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات محمد ادریس کے ہمراہ بہاولپور روڈ پیر اسماعیل شاہ دربار کے قریب فیکٹری پر کارروائی کی جہاں ہزاروں کی تعداد میں ناکارہ ٹائروں کو غیر قانونی بوائلرز میں ڈال کر جلایا جا رہا تھا جس سے نکلنے والی کاربن نے پورے علاقے کو متاثر کر رکھا تھا ۔ فیکٹری کا تمام سامان قبضے میں لے کارخانہ سیل کر دیا گیاجبکہ موقع پر موجود 2ملزم گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیئے ۔فیصل آبادمیں بھی محکمہ صحت نے جعلی و مضر صحت ہربل ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی جس میں سے 15 سے زائد اقسام کی ادویات بر آمد کی گئی ہیں