سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں ، پانچ مختلف تھانوں کی حدودمیں ہونے والے پولیس مقابلوں میں پانچ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی سربراہی میں ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے، اس دوران پولیس کو متعدد کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق 5سے6 روز کے دوران پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں مقابلوں کے بعد پولیس نے پانچ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پستول، گولیاں برآمد کر لی ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ سکھر کے علاقے مبارک پور تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم صدام حسین زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لیں، ملزم کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔باگڑجی کچے کے علاقے میں پولیس اورپانچ مسلح ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کے چار ساتھی فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کوششیں کررہی ہے۔کندھرا تھانے کی حدود میں بیگماجی لنک روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم نثار احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کر لیں ، ملزم کے دو ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تھانہ سیکشن کی حدود نمائش گراؤنڈ کے نزدیک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم لیاقت علی میرانی زخمی ہوگیا، ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں ہیں۔تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں جاگیر موڑ کے نزدیک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم علی گل کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ، ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں ہیں۔پولیس مقابلوں کے دوران گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے متعدد پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ کے مطابق ضلع میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے ہرممکن اقدامات ئے گئے ہیں، عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سکھر ضلع میں قیام امن کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا ، امن وامان میں گڑ بڑ اور جرائم کی اجازت ہر گر نہیں دی جائے گی، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، پولیس افسران اور تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں امن وامان کی فضا کو مکمل بحال رکھنے، جرائم کی سرکوبی خاص طور پر اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں، پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے ، چوکیوں اور مختلف علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے موثر انداز میں چیکنگ کی جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں جوا،منشیات،فحاشی کے اڈوں کے خاتمے ، گٹکے پان پراگ سمیت نشہ آور مصنوعات اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام کو یقینی بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید موثر اور مضبوط بنایا جائے تاکہ پولیس اور عوام مل کر جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔